جمعرات ۲۸ اکتوبر۲۰۲۱

پی ٹی اے کا فیصلہ کالعدم قرار، پب جی فوری بحال کرنے کا حکم

جمعہ, ۲۴   جولائی ۲۰۲۰ | ۱۱:۵۹ صبح

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی پر پابندی کا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آن لائن گیم کو فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے مقبول ترین آن لائن گیم پب جی پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا ، فیصلے میں عدالت نے پب جی گیم پر سے پابندی ہٹا دی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج پب جی گیم کو مشروط طور پر بحال کیا ہے، پی ٹی اے پب جی گیم کے حوالے سے ایک ہفتے میں فیصلہ کرے۔ کمپنی کے وکیل نے پب جی گیم پر پابندی ہٹانے کی درخواست دی تھی، درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور کہا تھا پی ٹی اے کو وضاحت دینی ہے کہ یہ گیم کس طرح خود کشی کا باعث بن رہا ہے اور عدالت کو دیکھنا ہے کہ معطلی کے احکامات میں قانونی طریقہ کار پر عمل ہوا ہے یا نہیں۔ درخواست گزار کمپنی کے وکیل نے کہا تھا کہ پی ٹی اے نے گیم کی بندش شے متعلق کمپنی کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا اور نہ ہی اس نے معطلی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر گیم پر لگائی جانے والی پابندی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی اور UnBanpubgInPakistan#کا ٹرینڈ مقبول ہوگیا۔ اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کوپب جی گیم پر پا بندی سے متعلق عوامی سماعت کاحکم دیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کا نوٹس لیتے ہوئے یوٹیوب کی بندش کا عندیا دیا تھا جس پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈیجیٹل تانیہ ایدروس اور وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری نے اس کی مخالفت کی تھی۔

تبصرہ کریں