ہفتہ ۲۴ اگست۲۰۱۹

الیکشن کمیشن کا خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان

بدھ, ۱۲   جون ۲۰۱۹ | ۰۳:۲۸ شام

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے سابق فاٹا میں ہونے والے انتخابات صوبائی حکومت کی درخواست پر 18 روز کے لیے ملتوی کردیے۔

قبائلی اضلاع میں 16 نشستوں پر 2 جولائی کو انتخابات ہونے تھے تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے سیکیورٹی مسائل کی بنا پر انتخابات 20 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ واضح رہے کہ 2018 میں منظور ہونے والی 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن ملک میں 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد ایک سال کے اندر قبائلی اضلاع میں انتخابات کروانے کا پابند ہے بعدازاں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں انتخابات کا فیصلہ کرنے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، وزارت داخلہ کے حکام او صوبائی الیکشن کمشنر کو بھی طلب کیا گیا تھا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اپنی درخواست میں حکومت خیبر پختونخوا نے قبائلی اضلاع میں افغانستان کی جانب سے دہشت گردی کے حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ جس پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست قبول کرتے ہوئے صوبے میں 18 روز کے لیے انتخابات ملتوی کردیے۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر اب 2 جولائی کے بجائے 20 جولائی کو انتخابات منعقد ہوں گے۔

تبصرہ کریں