جمعرات ۲۲ اکتوبر۲۰۲۰

جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

جمعرات, ۱۵   اکتوبر ۲۰۲۰ | ۱۱:۴۱ صبح

قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، نیب نے تحریری طور پر اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ آصف زرداری نیب کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔ واضح رہےکہ سابق صدر نے احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس، ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس اور پارک لین کیس کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی بھی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ان کی استدعا کو مسترد کردیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے احتساب عدالت سے میگا منی لانڈرنگ کیس خارج کرکے اس میں بریت کی بھی استدعا کی ہے۔ دوسری جانب آصف زرداری ضمانت قبل ازگرفتاری کیس میں نیب نے جواب ہائی کورٹ میں جمع کرادیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری ضمانت کے مستحق نہیں۔ خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت سماعت آج پھر ہو گی، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے، آصف علی زرداری نے 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں درخواست ضمانت دائر کی ہے ، آصف علی زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک پیش ہوں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائرجمع کرادی گئی ہے ، درخواست کے ہمراہ آصف زرداری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا دیا جائے، آصف زرداری 11 اکتوبر سے کراچی کے ضیاء الدین اسپتال میں داخل اور زیر علاج ہیں۔

تبصرہ کریں