بدھ ۰۳ مارچ۲۰۲۱

کورونا وائرس کی دوسری لہر: ملک میں ایک روز میں ریکارڈ 111 اموات

جمعرات, ۲۴   دسمبر ۲۰۲۰ | ۱۱:۴۰ صبح

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس دوران کیسز میں اضافے کے ساتھ ساتھ اموات میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک روز میں ریکارڈ 111 اموات ہوئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 37 ہزار 173 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 256 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 111 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.3 فیصد رہی۔ واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران اب تک کی یہ سب سے زیادہ یومیہ اموات ہیں، اس سے قبل 15 دسمبر کو دوسری لہر میں 105 اموات دیکھی گئی تھی تاہم اب ایک روز میں 111 اموات جون کے بعد دیکھی گئی ہیں۔ تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 782 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوگئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 207407 ہوگئی ہے جب کہ 3419 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 133874 ہے اور 3783 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18005 اور ہلاکتیں 181 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 56160 اور 1577 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8065 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 211 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4838 اور 99 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 36721 ہے اور اب تک 398 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 17 ہزار 134 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 668 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 268 ہے۔

تبصرہ کریں