بدھ ۰۵ اگست۲۰۲۰

پاکستان میں ریلوے سے زیادہ کرپٹ ادارہ کوئی نہیں ،چیف جسٹس

پیر, ۲۷   جنوری ۲۰۲۰ | ۱۲:۰۲ شام

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے سے زیادہ کرپٹ ادارہ پورے پاکستان میں نہیں ہے۔

سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔سپریم کورٹ نے ریلوے کی آڈٹ رپورٹ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا سارا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے کے بجائے مینول ہے۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے میں کوئی چیز درست انداز میں نہیں چل رہی، دنیا بلٹ ٹرین چلا کر مزید آگے جا رہی ہے اور ہم آج بھی اٹھارویں صدی کی ریل چلا رہے ہیں ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آڈٹ رپورٹ نے واضح کر دیا کہ ریلوے کو اربوں روپے کا خسارہ ہو رہا ہے، انتظامیہ سے ریلوے کا نظام چل ہی نہیں رہا۔چیف جسٹس نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کا حال دیکھیں، ریلوے میں جو آگ لگی تھی اس معاملے کا کیا ہوا جس پر ریلوے کے وکیل نے کہا کہ معاملے پر انکوائری کر کے 2 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ چولہے میں پھینکیں اپنی کارروائی، ریلوے کے سی ای او عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟وکیل ریلوے نے کہا کہ سابق سی ای او کو نوٹس گیا ہے موجودہ کو نہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سابق سی ای او کو نوٹس گیا ہے، اہم کیس تھا موجودہ سی ای او کو پیش ہونا چاہیے تھا، بلوالیں اپنے سی ای او کو، وہ کہاں ہیں؟ ریلوے کے وکیل نے کہا کہ سی ای او اس وقت لاہور میں ہیں۔سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے شیخ رشید، سیکریٹری ریلوے اور سی ای او ریلوے کو طلب کر کے کیس کی سماعت ملتوعی کر دی ۔



تبصرہ کریں