بدھ ۰۵ اگست۲۰۲۰

حافظ سعید کو 11 سال قید کی سزا

بدھ, ۱۲   فروری ۲۰۲۰ | ۰۳:۴۶ شام

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کے دو مقدمات میں 11سال قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے حافظ سعید کو مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا سنانے کے ساتھ ساتھ 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ حافظ سعید کے خلاف یہ کیسز پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت (سی ٹی ڈی) کے لاہور اور گوجرانوالہ چیپٹرز نے درج کرائے تھے۔ گوجرانوالہ میں درج کرائے گئے مقدمے کی ابتدائی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ میں ہوئی تاہم بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پرکیس کو لاہور منتقل کر دیا ہے۔ دونوں کیسز کے ٹرائل کے دوران عدالت میں 23 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے پنجاب کے پانچ شہروں میں مقدمات درج کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ الانفال ٹرسٹ، دعوت الارشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ وغیرہ جیسی فلاحی تنظیموں اور ٹرسٹ سے اکٹھا ہونے والی رقم اور فنڈز کو جماعت الدعوۃ نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا۔

تبصرہ کریں