جمعرات ۰۹ جولائی۲۰۲۰

متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی

پیر, ۲۹   جون ۲۰۲۰ | ۱۱:۱۳ صبح

متحدہ عرب امارات کی سول ہوابازی نے پاکستان سے آپریٹ ہونے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی اوراس حوالے سے عمل درآمد رات 12 بجے سے شروع کردیا گیا ہے۔

پابندی کے حوالے سے یو اے ای کی سول ہوابازی کے ادارے جی سی اے نے نوٹم جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی کورونا وائرس کے خدشات کی وجہ سے عائد کی گئی ہے اور پابندی کا اطلاق تاحکم ثانی رہے گا، یو اے ای کے ایئرپورٹ پر کسی پرواز کو اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔  متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی سی اے) نے پاکستان سے آنے والی پروازوں پر اس وقت تک کے لیے پابندی عائد کی ہے جب تک پاکستان سے یو اے ای جانے والے مسافروں کے لیے کووِڈ19 کی لیبارٹری ٹیسٹنگ کا آغاز نہ ہوجائے۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ایک احتیاطی اقدام ہے جس کا مقصد آنے والوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پابندی کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں محصور پاکستانیوں کی مشکلات بڑھ جائیں گی، پی آئی اے کی دبئی آپریٹ ہونے والی خصوصی پروازیں بھی متاثر ہونگی جب کہ ایمریٹس کی پاکستان کے لئے ہفتہ وار 14 پروازوں کے علاوہ فلائی دبئی اور اتحاد ایئر کی پروازیں بھی آپریٹ نہیں ہوگی۔ خیال رہے 22 جون کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی فضائی کمپنی امارات ایئرلائنز نے 3 جولائی تک پاکستان سے اپنے خدمات عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا۔ کمپنی کی جانب سے یہ اعلان اس کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ پہنچنے والے 30 پاکستانیوں کے کووِڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا تھا۔

تبصرہ کریں