جمعرات ۰۹ جولائی۲۰۲۰

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں7افراد جاں بحق، تمام دہشتگرد ہلاک

پیر, ۲۹   جون ۲۰۲۰ | ۱۲:۳۱ شام

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔

اطلاعات کے مطابق واقعہ پیر کی صبح دس بجے کے قریب پیش آیا اور ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور پارکنگ کے راستے عمارت میں داخل ہوئے اور انہوں نے دستی بم پھینک کر عمارت تک رسائی حاصل کی۔ پولیس کا بتانا ہےکہ دہشتگردوں کے حملے میں 2 شہریوں سمیت  ایک پولیس سب انسپکٹر اور اسٹاک ایکسچینج کے 4 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے، اس کے علاوہ ایک پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکار اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہوئے اور فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئےتین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ایک دہشتگرد کو اسٹاک ایکسچینج کے ہال میں مارا گیا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں کا بھی مکمل محاصرہ کرلیا جب کہ حملے کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ کو میری ویدرٹاور اور شاہین کمپلیکس سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشتگرد جدید اسلحہ سے لیس تھے اور ان کے پاس بارودی مواد سے بھری جیکٹیں بھی موجود تھیں۔ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملےکے مترادف ہے۔انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی انکوائری رپورٹ بھی طلب کرلی۔    

تبصرہ کریں