پیر ۳۰ نومبر۲۰۲۰

تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی

پیر, ۱۶   نومبر ۲۰۲۰ | ۰۱:۵۷ شام

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل جاری رکھنے یا تعطیلات کے متعلق آج بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صدارت میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی۔ کورونا کے تناظر میں اسکولوں کی بندش اور موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ نہیں ہوسکا۔ موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے پر کچھ وزرائے تعلیم نے حمایت کی اور کچھ نے مخالفت۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں طلبہ اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے۔ 23نومبر کو سردیوں کی تعطیلات اور اسکولز کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے بتایا کہ آج پنجاب میں اسکولوں کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ کورونا کی صورتحال کا مزید جائزہ لینے کے لئے اگلی میٹنگ23 نومبر2020 پیر کو ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ آئندہ ہفتہ کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کہتے ہیں کہ وہ اسکولوں کو بند کرنے کے حامی نہیں۔ جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں انہیں سیل کررہے ہیں اور اگر ماضی جیسی صورتحال ہوئی تو اسکول بند کرنے پڑیں گے۔ حکومت کورونا کیسز رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو سیل کر رہی ہے۔ پنجاب میں دو ماہ کے دوران472 ادارے سیل کیے گئے ہیں۔ 2 لاکھ 65 ہزار 370 سرکاری اور پرائیوٹ اسکولز میں کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں 2ماہ کےدوران مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد رہی۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں یومیہ 22.3 فیصد کورونا کے مریض سامنے آئے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 ماہ میں ایک لاکھ 45 ہزار 859 ٹیسٹ کیے گئے۔ 2ماہ میں تعلیمی اداروں میں ایک ہزار 317کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ 31ہزار 913ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے اور 12 ہزار 629 کورونا ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔ اسلام آباد میں سیل کئے گئے تعلیمی اداروں کی تعداد 120 ہو چکی ہے۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اسکولز بند کرنے کی تجویز مسترد کردی ہے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ صرف اسکولز میں ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے۔ کورونا میں پہلے ہی کروڑوں طلبا کی تعلیم کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آن لائن ایجوکیشن سے مطمئن نہیں ہیں۔ آن لائن ایجوکیشن میں طلبا اساتذہ پر توجہ نہیں دیتے۔

تبصرہ کریں