جمعہ ۲۲ جنوری۲۰۲۱

کورونا کے باعث 'آسکر' ایوارڈز تقریب 2 ماہ تک مؤخر

منگل, ۱۶   جون ۲۰۲۰ | ۰۱:۵۵ شام

فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ 'آسکر' دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے کورونا کی وبا کے باعث 'آسکر' ایوارڈز کی تقریب کو 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کسی بیماری کے باعث منسوخ کی گئی ہے، تاہم اس سے قبل بھی کم از کم تین مواقع پر آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی یا منسوخ کی جا چکی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آسکر اکیڈمی اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک انتظامیہ نے تصدیق کردی کہ اب ایوارڈز کی تقریب اپریل 2021 میں ہوگی۔ 93 ویں 'آسکر' ایوارڈز کی تقریب فروری کے آخر میں منعقد ہونا تھی، تاہم اب اسے 25 اپریل 2021 کو منعقد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اکیڈمی نے فلموں کی نامزدگی کی تاریخ بھی بڑھاتے ہوئے وضاحت کی کہ اب نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا جب کہ اکیڈمی 15 اپریل تک نامزد ہونے والی فلموں کی حتمی فہرست جاری کردے گی۔ فلموں کی نامزدگی کی فہرست جاری کرنے کے 10 دن  بعد 25 اپریل کو لاس اینجلس میں 93 ویں ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوگی، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایوارڈز تقریب ہر سال کی طرح ہی ہوگی یا اسے کورونا کے پیش نظر محدود یا مختصر کیا جائے گا۔ اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز کے مطابق میوزیم آف موشن پکچرز کا افتتاح بھی دسمبر 2020 کے بجائے اب 30 اپریل 2021 تک مؤخر کردیا گیا، اب ممکنہ طور پر میوزیم کا افتتاح آئندہ سال ہی ہوگا۔

تبصرہ کریں