بدھ ۰۵ اگست۲۰۲۰

حج 2020: صرف سعودی عرب میں موجود افراد کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ

منگل, ۲۳   جون ۲۰۲۰ | ۱۲:۱۳ شام

سعودی عرب کی حکومت نےاگلے ماہ حج کی ادائیگی کی اجازت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث حج 2020 کے لیے عازمین کی تعداد کو محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر الحرمین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'حکومت نے سعودی عرب میں رہائش پذیر مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا  ہے'۔ وزارت کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ہجوم اور لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے کورونا کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں برس حج محدود عازمین کے ساتھ ہوگی'۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 'سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے شہری حج کی ادائیگی کرپائیں گے اور یہ فیصلہ حج کو محفوظ طریقے سے ادا کرنے کے لیے کیا گیا ہے'۔ حکومت نے کہا کہ 'صحت عامہ کے پیش نظرلوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے اسلامی تعلیمات کے مطابق سماجی فاصلہ اور دیگر تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے'۔ خیال رہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال سعودی عرب جاتے ہیں اور رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے حج ادا کیا تھا۔ رواں برس کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک سے حج کے لیے کوئی نہیں آسکے گا۔

تبصرہ کریں