پیئرسن ایڈ ایکسل اور دی سٹی سکولز کا عالمی معیار کی تعلیم کے لیے معاہدے پر دستخط
لاہور (پ ر ) پاکستان میں طالب علموں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیےعالمی سطع کے اداروں میں داخلے کے قابل بنانے کے لیے پیئرسن ایڈ ایکسل اور دی سٹی سکول نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت طلبا کو پیئرسن ایڈ ایکسل کی اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس معاہدے پر پیئرسن اسکولز کوالیفکیشنز، مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، پاکستان اور ترکی کی ڈائریکٹر کیتھرین بوتھ اور دی سٹی سکول کے چیف آپریٹنگ آفیسر شہزاد محمد خان نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت دی سٹی سکول کی مخصوص شاخوں کو پیئرسن ایڈایکسل امتحانات سے متعلق سہولیات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے معاونت بھی حاصل ہو گی۔
کیتھرین بوتھ نے اس شراکت داری پر دی سٹی سکول کی تعریف کی اور پیئرسن ایڈایکسل کوالیفکیشنز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دی سٹی سکول کے طلباء کو خود کو اہم صلاحیتوں اور تعلیم سے آراستہ کرنے کا بھرپور موقع ملے گا تاکہ وہ مستقبل میں کامیاب ہو سکیں ۔
تقریب سے خطاب کے دوران شہزاد محمد خان نے پیئرسن کے تعلیمی پروگراموں کی ترقیاتی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ہمارے طلبا پیئرسن ایڈ ایکسل کوالیفکیشنز کے ذریعے عالمی سطع کے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں گے اور قابلیت اور مواقع کی نئی دنیا میں قدم رکھیں گے ۔