ہالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی خصوصی سفیر انجلینا جولی تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان پہنچ گئیں ہیں۔
انجلینا جولی اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کے لیے بھی پاکستان آچکی ہیں۔
غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق انجلینا جولی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گی اور مستقبل میں اس طرح کے مصائب کو روکنے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کریں گی۔
واضع رہے پاکستان میں اس سال مون سون میں شدید بارشوں ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ، جن میں تقریباً ایک کروڑ 60لاکھ بچے بھی شامل ہیں ۔ 350 سے زائد بچوں سمیت 1,100 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ، 1,600 زخمی ہوئے، اور 287,000 سے زیادہ گھر مکمل طور پر اور 662,000 جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ کچھ بڑے دریاؤں نے اپنے بند توڑ دیے ہیں اور ڈیم گنجائش سے زیادہ بھر چکے ہیں، جس سے گھروں، کھیتوں ، سڑکوں، پلوں، اسکولوں، ہسپتالوں اور صحت عامہ کی سہولیات سمیت اہم بنیادی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔