بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 54 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ، انہیں گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے کوکیلابین اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا۔ان کے اچانک انتقال کی خبر نے مداحوں کو حیران اور افسردہ کردیا۔
عرفان خان کی طبیعت بڑی آنت میں انفیکشن کی وجہ سے ناساز تھی۔اداکار کے انتقال کی خبر ان کے قریبی دوست اور ہدایت کار شوجت
سرکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی۔ شوجت سرکار نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پیارے دوست، تم خوب لڑے، مجھے
ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، ہم دوبارہ ضرور ملیں گے‘۔ انہوں نے عرفان خان کے گھر والوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ 54 سالہ عرفان خان نیورو
اینڈوکرائن ٹیومر سے متاثر ہونے کی وجہ سے علاج کروانے لندن گئے تھے۔ وہ گزشتہ برس علاج مکمل کروا کر ممبئی واپس لوٹے تھے۔ گزشتہ
دنوں عرفان خان کی والدہ جے پور میں انتقال کر گئی تھیں۔ ملک گیر لاک ڈاون کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں
ہو سکے تھے اور انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی۔ 2018 میں عرفان خان میں کینسر کی تشخیص
ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے خود اپنے مداحوں کو دی تھی۔ عرفان خان نے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کیا تھا کہ ‘زندگی میں اچانک کچھ ایسا
ہو جاتا ہے جو آپ کو آگے لے کر جاتا ہے۔ میری زندگی کے گزشتہ چند برس ایسے ہی رہے ہیں۔ مجھے نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ہو گیا ہے۔
لیکن میرے آس پاس موجود لوگوں کے پیار اور طاقت نے مجھ میں امید پیدا کی ہے۔‘ عرفان خان کو اداکاری کے شعبے میں ان کی خدمات پر سنہ
2011 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا جبکہ سنہ 2013 میں انھیں پان سنگھ تومر میں بہترین اداکاری پر نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا تھا اور اسی
سال فرانس میں کانز فلمی میلے کے دوران ان کی فلم ’لنچ باکس‘ نے عوامی پسندیدگی کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
یوٹیوب چینل کے لیے: یہاں کلک کریں
مزید خبروں کے لیے: یہاں کلک کریں